کراچی(کامرس ڈیسک)پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہونے کے باعث پلگ اِن ہائبرڈ اور رینج ایکسٹینڈڈ گاڑیاں تیزی سے مقبول ہو رہی ہیں۔ملک میں پیٹرول کی قیمتیں 320 روپے فی لیٹر سے تجاوز کر گئی ہیں، جس سے روایتی گاڑیاں چلانے کی لاگت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور اسپورٹس یوٹیلیٹی وہیکل (SUV) استعمال کرنے والوں کی ترجیحات بدلنے لگی ہیں۔ماہرین اور صنعت کے ماہرین کے مطابق اب پلگ اِن ہائبرڈ الیکٹرک وہیکلز اور رینج ایکسٹینڈڈ الیکٹرک وہیکلز پاکستانی صارفین کے لیے زیادہ موزوں اور معاشی طور پر فائدہ مند انتخاب بن گئے ہیں۔چیری ماسٹر پاکستان کے ڈائریکٹر سیلز اینڈ مارکیٹنگ، سید آصف احمد کے مطابق موجودہ پیٹرول قیمتوں نے روایتی گاڑیوں کی معیشت کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب یہ صرف ماحولیات کا معاملہ نہیں رہا بلکہ صارف کے ماہانہ اخراجات کا براہ راست سوال بن چکا ہے۔اعداد و شمار کے مطابق عام پیٹرول SUV جو اوسطاً 10 کلومیٹر فی لیٹر مائلیج دیتی ہے، موجودہ قیمتوں پر تقریباً 32 روپے فی کلومیٹر خرچ کرتی ہے۔ روایتی ہائبرڈ گاڑیاں، جو تقریباً 18 کلومیٹر فی لیٹر مائلیج دیتی ہیں، ان کی لاگت 18 روپے فی کلومیٹر رہتی ہے، تاہم وہ بھی پیٹرول کی بڑھتی قیمتوں سے متاثر ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اصل تبدیلی پلگ اِن ہائبرڈ اور رینج ایکسٹینڈڈ گاڑیوں کے ذریعے آ رہی ہے، جو شہری استعمال کے دوران زیادہ تر سفر بجلی پر مکمل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں، جس سے صارفین کی لاگت میں نمایاں کمی آتی ہے۔
پیٹرول کی بڑھتی قیمتوں نے پاکستانی صارفین کو پلگ اِن ہائبرڈ گاڑیوں کی طرف مائل کر دیا
4 گھنٹے قبل