پنجاب حکومت نے فنکاروں کے لیے 50 کروڑ روپے فنڈ قائم کر دیا

3 گھنٹے قبل
پنجاب حکومت نے فنکاروں کے لیے 50 کروڑ روپے فنڈ قائم کر دیا

لاہور( شوبز ڈیسک) پنجاب حکومت نے مستحق فنکاروں کے لیے 50 کروڑ روپے کا خصوصی فنڈ قائم کر کے انہیں مالی تحفظ فراہم کرنے کا اہم اقدام اٹھایا ہے۔ یہ پروگرام پنجاب آرٹسٹ خدمت کارڈ کے ذریعے فنکاروں کی زندگی بہتر بنانے کے لیے مرتب کیا گیا ہے۔ اہل فنکاروں کو ماہانہ پانچ ہزار روپے وظیفہ دیا جائے گا، اور ابتدائی مرحلے میں 63 مستحق فنکاروں کو فی کس پندرہ ہزار روپے ادا کیے گئے۔وظیفہ کی ادائیگی بینک آف پنجاب کے ذریعے کی جائے گی۔ سال کے آغاز میں پروگرام کے لیے درخواستیں طلب کی گئیں، جن میں مجموعی طور پر 2,702 درخواستیں موصول ہوئیں۔ قواعد و ضوابط کے مطابق سکروٹنی کے بعد 1,831 فنکار اہل قرار پائے اور ان کا ڈیٹا پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کو بھجوا دیا گیا۔مستحق فنکاروں کے لیے دیگر مالی امداد میں تعلیمی گرانٹ تین لاکھ روپے، میڈیکل گرانٹ دو لاکھ روپے اور دیگر امداد ایک لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں، 80 سال سے زائد عمر کے فنکاروں کے لیے ماہانہ 10 سے 15 ہزار روپے پنشن دینے کی تجویز زیر غور ہے جبکہ 54 سال سے زائد عمر کے فنکاروں کے لیے ریلیف سکیم متعارف کرانے کی بھی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔یہ اقدام فنکاروں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے اور ان کی مالی مشکلات کم کرنے کی کوششوں کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔