کراچی(سپورٹس ڈیسک)پاکستان سپر لیگ کی نئی فرنچائز حیدرآباد نے معروف آسٹریلوی فاسٹ باؤلر اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی کو اپنا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا ہے۔ذرائع کے مطابق جیسن گلیسپی اور پی ایس ایل کی نئی فرنچائز حیدرآباد کے درمیان کوچنگ رول سے متعلق ہونے والے مذاکرات کامیابی کے ساتھ مکمل ہو گئے ہیں، جس کے بعد دونوں فریقین کے درمیان باقاعدہ معاہدہ طے پا گیا ہے۔جیسن گلیسپی آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم کے نمایاں فاسٹ باؤلرز میں شمار ہوتے ہیں اور کوچنگ کے شعبے میں بھی وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ وہ ماضی میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ بھی ہیڈ کوچ کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں، جس کی وجہ سے وہ ملکی کرکٹ اور مقامی حالات سے بخوبی واقف ہیں۔پی ایس ایل میں نئی فرنچائز حیدرآباد کے قیام کے بعد یہ تقرری ٹیم کی تیاریوں کے حوالے سے ایک اہم قدم قرار دی جا رہی ہے، جس سے فرنچائز کو بین الاقوامی تجربے سے بھرپور فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔