پی ایس ایل 11، بڑے کھلاڑیوں کی کیٹیگریز میں بڑی تبدیلیاں

1 ہفتے قبل
پی ایس ایل 11، بڑے کھلاڑیوں کی کیٹیگریز میں بڑی تبدیلیاں

لاہور( سپورٹس ڈیسک)پاکستان سپر لیگ کے نئے دور کے آغاز کے ساتھ ہی کھلاڑیوں کی ممکنہ نئی کیٹیگریز سامنے آ گئی ہیں، جس نے شائقینِ کرکٹ میں خاصی دلچسپی پیدا کر دی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پی ایس ایل کے گیارہویں ایڈیشن سے قبل پلیئرز آکشن کے لیے مقامی کھلاڑیوں کی مجوزہ کیٹیگریز کی فہرست تیار کر لی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق اسلام آباد یونائیٹڈ کے شاداب خان، عماد وسیم اور نسیم شاہ بدستور پلاٹینم کیٹیگری میں شامل ہیں۔ صاحبزادہ فرحان کو گولڈ کیٹیگری میں رکھا گیا ہے جبکہ سلمان علی آغا اور محمد نواز کو ڈائمنڈ سے ترقی دے کر پلاٹینم میں شامل کر لیا گیا ہے۔ اعظم خان کیٹیگری میں تنزلی کے بعد ڈائمنڈ سے گولڈ میں آ گئے ہیں۔کراچی کنگز کے حسن علی کو ڈائمنڈ سے پلاٹینم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ عباس آفریدی پلاٹینم سے ڈائمنڈ کیٹیگری میں چلے گئے ہیں۔ خوشدل شاہ اور عامر جمال ڈائمنڈ سے گولڈ میں آ گئے، جبکہ عرفات منہاس گولڈ سے سلور کیٹیگری میں شامل ہوئے۔ قومی ٹیسٹ کپتان شان مسعود ڈائمنڈ کیٹیگری میں برقرار ہیں۔لاہور قلندرز کے شاہین شاہ آفریدی، فخر زمان اور حارث رؤف بدستور پلاٹینم کیٹیگری میں شامل ہیں۔ سلمان مرزا کو گولڈ سے ڈائمنڈ جبکہ محمد نعیم کو ایمرجنگ سے سلور کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔پشاور زلمی کے بابر اعظم اور صائم ایوب پلاٹینم میں برقرار ہیں، جبکہ محمد حارث اور محمد علی ڈائمنڈ سے گولڈ میں چلے گئے ہیں۔ ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان بدستور پلاٹینم میں شامل ہیں، جبکہ اسامہ میر اور افتخار احمد کو پلاٹینم سے ڈائمنڈ میں منتقل کیا گیا ہے۔مزید برآں محمد حسنین ڈائمنڈ سے گولڈ جبکہ عاکف جاوید سلور سے گولڈ میں آ گئے ہیں۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے فہیم اشرف اور محمد عامر پلاٹینم میں برقرار ہیں، جبکہ ابرار احمد کو ڈائمنڈ سے پلاٹینم میں ترقی دی گئی ہے۔ وسیم جونیئر اور عثمان طارق کو ڈائمنڈ جبکہ خواجہ نافع اور حسن نواز کو گولڈ کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ پی ایس ایل کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کھلاڑیوں کا انتخاب ڈرافٹ کے بجائے آکشن کے ذریعے کیا جائے گا، جس سے لیگ میں ایک نیا اور دلچسپ مرحلہ شروع ہونے جا رہا ہے۔