ممبئی( شوبز ڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا نے انکشاف کیا ہے کہ ایک وقت ایسا بھی آیا جب انہیں ہندی فلم انڈسٹری میں کام کے محدود مواقع مل رہے تھے، جس کے باعث انہوں نے اپنی شناخت قائم رکھنے کے لیے ہالی ووڈ کا رخ کیا۔بھارتی انفلوئنسر کی ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے پریانکا نے بتایا کہ فلمی صنعت میں کام کرنا آسان نہیں ہے، یہ سیاست اور تعلقات پر مبنی نظام ہے جہاں کامیابی عارضی نوعیت کی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بالی ووڈ سے ہالی ووڈ جانے سے قبل وہ ذہنی، جذباتی اور جسمانی طور پر خود کو محفوظ رکھنے کے لیے نئے راستے تلاش کر رہی تھیں۔پریانکا چوپڑا نے 2012ء اور 2013ء میں اپنے میوزک کیریئر کے ذریعے ہالی ووڈ میں قدم رکھا اور 2015ء میں امریکی سیریز ’کوانٹیکو‘ سے بڑی کامیابی حاصل کی۔ اداکارہ نے بتایا کہ پاپ اسٹار کے طور پر دو سالہ دور ان کے لیے تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہوا، جہاں انہوں نے اسٹوڈیوز میں پٹ بل اور دی چین اسموکرز جیسے فنکاروں کے ساتھ کام کیا اور بے حد متاثر ہوئیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہندی فلموں میں وہ خود کو محدود اور بے سمت محسوس کر رہی تھیں، جبکہ موسیقی نے انہیں نئے مواقع اور تخلیقی آزادی فراہم کی۔