لاہور ( سپورٹس ڈیسک) لاہور قلندرز کے نوجوان فاسٹ باؤلر عبید شاہ نے کہا ہے کہ شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور مستفیض الرحمٰن جیسے تجربہ کار باؤلرز کے ساتھ کھیلنا میرے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے، اور یہاں سے حاصل ہونے والے تجربے سے اپنے کھیل کو مزید بہتر بنانا چاہتا ہوں۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عبید شاہ نے کہا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کے بعد لاہور قلندرز کی جانب سے موقع ملنا خوش آئند ہے، جہاں ٹیم مینجمنٹ اور کھلاڑیوں، خصوصاً ثمین رانا اور کپتان شاہین آفریدی کی بھرپور حمایت حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ شاہین آفریدی، حارث رؤف اور مستفیض الرحمٰن کی موجودگی میں لاہور قلندرز کی باؤلنگ لائن اپ پاکستان سپر لیگ کی بہترین بولنگ اٹیک بن چکی ہے۔عبید شاہ نے مزید کہا کہ کپتان شاہین آفریدی مجھ پر اعتماد کرتے ہیں اور اکثر میرا باؤلنگ سے آغاز کراتے ہیں، جو میرے لیے فخر کا باعث ہے۔ ہر ٹورنامنٹ میں میری کوشش ہوتی ہے کہ ٹیم کے لیے بہترین کارکردگی دکھاؤں اور خود کو ایک بہترین باؤلر ثابت کروں۔نوجوان فاسٹ باؤلر نے واضح کیا کہ وہ کسی ایک باؤلر کی نقل نہیں کرتے بلکہ ہر اچھے باؤلر سے سیکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹی 20 کرکٹ مکمل طور پر ذہن کا کھیل ہے، جس میں بیٹرز کی حکمتِ عملی کو سمجھ کر اسی کے مطابق باؤلنگ کرنا ضروری ہے۔ جدید کرکٹ میں بیٹرز کے پاس ہر طرح کے شاٹس موجود ہیں، اس لیے باؤلرز کو ان کے ذہن کے مطابق کھیلنا پڑتا ہے۔
لاہور قلندرز میں تجربہ کار باؤلرز کے ساتھ کھیلنا اعزاز ہے:عبید شاہ
2 گھنٹے قبل