لاہور( کامر س ڈیسک) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے اعلان کیا ہے کہ چھ سال کے وقفے کے بعد رواں ماہ لندن کے لیے براہِ راست فلائٹ آپریشن دوبارہ شروع ہوگا۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق اسلام آباد سے ہفتہ وار تین اور لاہور سے ایک پرواز آپریٹ کی جائے گی، اور لندن کے لیے بوئنگ 777 طیارے استعمال ہوں گے۔پی آئی اے کی پروازیں ہیتھرو ایئر پورٹ کے ٹرمینل 4 پر لینڈ کریں گی۔ اسلام آباد سے 29 مارچ اور لاہور سے 30 مارچ سے پروازیں شروع ہوں گی، اور ابتدائی طور پر ہفتہ وار چار پروازیں لندن کے لیے آپریٹ ہوں گی۔ترجمان نے بتایا کہ لندن پی آئی اے کے نیٹ ورک کے ابتدائی بین الاقوامی روٹس میں شامل رہا ہے اور اس کے ساتھ پی آئی اے کا لندن روٹ سے 70 سال سے زائد کا تعلق ہے۔ پروازوں کی بحالی کے بعد برطانیہ کے لیے پی آئی اے کی ہفتہ وار پروازوں کی تعداد سات ہو جائے گی۔ واضح رہے کہ 2020 میں پابندی سے قبل پی آئی اے پاکستان سے لندن کے لیے ہفتہ وار دس پروازیں چلا رہی تھی، اور لندن کے لیے پروازوں میں بتدریج اضافہ کیا جائے گا۔
پی آئی اے کی 6 سال بعد لندن کے لیے براہِ راست پروازیں بحال
3 گھنٹے قبل