اسلام آباد ( کامرس ڈیسک) ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے مشرقِ وسطیٰ تنازع کے اثرات سے نمٹنے کے لیے مالی پیکیج کا اعلان کیا ہے۔ اے ڈی بی حکام کے مطابق تیل، خوراک اور دیگر ضروری اشیاء کی درآمد کو جاری رکھنے کے لیے خصوصی فنانسنگ فراہم کی جائے گی، جبکہ ترقی پذیر ممالک کو بجٹ سپورٹ اور سپلائی چین فنانس بھی دی جائے گی۔اے ڈی بی نے محدود مدت کے لیے تیل کی درآمد کی فنانسنگ بحال کرنے کا بھی اعلان کیا اور خدشہ ظاہر کیا کہ مشرقِ وسطیٰ تنازع توانائی کی قیمتوں، مہنگائی اور کرنسیوں پر دباؤ بڑھا سکتا ہے۔ حکام نے کہا کہ شپنگ روٹس متاثر ہیں، ترسیل مہنگی اور تاخیر کا شکار ہے، کھاد اور پیٹروکیمیکل سپلائی خطرے میں ہے اور زرعی پیداوار متاثر ہو سکتی ہے۔مزید بتایا گیا کہ سیاحت اور ترسیلات زر پر انحصار کرنے والی معیشتیں اس صورتحال سے زیادہ متاثر ہوں گی۔ اے ڈی بی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ کاؤنٹر سائیکلیکل سپورٹ فیسلٹی کے تحت رکن ممالک کو ہنگامی بجٹ سپورٹ فراہم کی جائے گی اور معیشتوں کے استحکام کے لیے فوری معاونت کی جائے گی۔
ایشیا ترقیاتی بینک نے مشرق وسطیٰ تنازع پر مالی امداد کا اعلان کر دیا
3 گھنٹے قبل