فون ہیک اور گھر میں جاسوسی ہو رہی ہے،ایلزبتھ ہرلی کا چونکا دینے والا دعویٰ

5 دن قبل
فون ہیک اور گھر میں جاسوسی ہو رہی ہے،ایلزبتھ ہرلی کا چونکا دینے والا دعویٰ

 لند ن ( شوبز ڈیسک)برطانیہ سے تعلق رکھنے والی ہالی ووڈ اداکارہ ایلزبتھ ہرلی نے میڈیا کی جانب سے نجی معلومات تک غیرقانونی رسائی سے متعلق چونکا دینے والے انکشافات کیے ہیں۔ انہوں نے برطانیہ کی ایک عدالت میں جاری ہائی پروفائل مقدمے کی سماعت کے دوران اپنی نجی زندگی میں ہونے والی سنگین مداخلت پر تفصیلی بیان ریکارڈ کروایا۔یہ مقدمہ برطانوی میڈیا گروپ ایسوسی ایٹڈ نیوز پیپرز کے خلاف دائر کیا گیا ہے، جس میں ایلزبتھ ہرلی سمیت متعدد عالمی شہرت یافتہ شخصیات نے پرائیویسی کی سنگین خلاف ورزیوں کے الزامات عائد کیے ہیں۔ساٹھ سالہ ایلزبتھ ہرلی، شہزادہ ہیری اور معروف گلوکار ایلٹن جان ان سات مدعیان میں شامل ہیں جنہوں نے اخبار کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر رکھی ہے۔عدالت میں بیان دیتے ہوئے ایلزبتھ ہرلی نے بتایا کہ ان کے بارے میں شائع ہونے والی پندرہ سے زائد خبریں ایسے مواد پر مبنی تھیں جو غیرقانونی ذرائع سے حاصل کیا گیا تھا۔اداکارہ کے مطابق ان کے موبائل فونز ہیک کیے گئے جبکہ ان کے گھر میں خفیہ مائیکروفون نصب کر کے نجی گفتگو ریکارڈ کی جاتی رہی، جسے بعد ازاں خبروں کی شکل میں شائع کیا گیا۔ایلزبتھ ہرلی نے عدالت کو بتایا کہ اس عمل نے ان کی ذاتی زندگی، ذہنی سکون اور تحفظ کے احساس کو بری طرح متاثر کیا، جسے وہ بہیمانہ مداخلت قرار دیتی ہیں۔