اسلام آباد( کامرس ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت ٹیکس نظام مضبوط کرنے اور زرمبادلہ کے ذخائر بڑھانے پر بھرپور کام کر رہی ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ سال کے آخر تک پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر تین ماہ کی درآمدات کے برابر ہوں گے۔وزیر خزانہ نے عالمی سرمایہ کاروں کے وفد سے ملاقات میں کہا کہ تجارتی اصلاحات اور ٹیرف میں کمی سے ملک کی مسابقت میں اضافہ ہوگا اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ اسی دوران نجی سرمایہ کار گروپ گوبی پارٹنرز کے وفد نے فن ٹیک، لاجسٹکس، ہیلتھ ٹیک اور سافٹ ویئر شعبوں میں سرمایہ کاری کا عزم ظاہر کیا۔محمد اورنگزیب نے کہا کہ توانائی اور ٹیکس شعبے میں اصلاحات جاری ہیں، حکومت نجی شعبے کی قیادت میں معاشی ترقی اور رسک کیپیٹل کے فروغ پر بھی کام کر رہی ہے۔ ٹیکسلا فنڈ ٹو کے لیے 50 ملین ڈالر کا ہدف مقرر کیا گیا ہے اور عالمی قرض مارکیٹ تک رسائی کی تیاری بھی جاری ہے۔وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ نجی شعبے میں سرمایہ کاری اور اسٹارٹ اپس کے فروغ سے روزگار کے مواقع بڑھیں گے اور ملک میں جدت کے فروغ میں مدد ملے گی۔