ایران کے سپریم لیڈر کی شہادت پر پاکستانی شو بز دنیا میں دکھ و غم

3 گھنٹے قبل
ایران کے سپریم لیڈر کی شہادت پر پاکستانی شو بز دنیا میں دکھ و غم

لاہور( شوبز ڈیسک) امریکا اور اسرائیل کی ایران میں مشترکہ کارروائی کے دوران ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ پاکستانی شوبز شخصیات اور عوام نے ان کی وفات کو امتِ مسلمہ کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دیا ہے۔پاکستانی اداکارہ مشی خان نے انسٹاگرام پر سٹوری اور ویڈیو پیغام شیئر کرتے ہوئے آیت اللہ علی خامنہ ای کے لیے آنسوؤں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے لکھا کہ دنیا کے سب سے معتبر شخص کو مار ڈالا گیا، لیکن تاریخ کبھی فراموش نہیں کرے گی کہ 86 سالہ رہنما نے شیطانی طاقتوں کے سامنے ڈٹ کر جامِ شہادت نوش کیا۔اداکارہ نادیہ خان نے نجی ٹی وی پر نشر ہونے والی رمضان ٹرانسمیشن میں کہا کہ یہ مسلمانوں کے لیے ایک مشکل وقت ہے، جو متحد نہیں وہ بھاری قیمت ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے آیت اللہ کی شہادت کو امتِ مسلمہ کے لیے بڑا صدمہ قرار دیا۔اداکار عقیل ملک نے انسٹا سٹوری میں لکھا کہ حق والوں کے سر جھکتے نہیں، کٹ جاتے ہیں۔ مایا علی نے انسٹا پر رہنما کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ہیروز کبھی مرتے نہیں، وہ ہمیشہ دلوں میں زندہ رہتے ہیں اور دشمن کے خلاف پوری طاقت سے کھڑے رہے۔اداکار و گلوکار ثمر جعفری نے انسٹا سٹوری میں کہا کہ آج آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت نے ان کے ذہن میں برسوں سے موجود سوال کا جواب دے دیا کہ حضرت حسین بن علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہما کے وقت مسلم امہ کہاں تھی؟ اداکار خالد انعم نے لکھا کہ چراغ سب کے بجھیں گے، ہوا کسی کی نہیں، الوداع آغا جان۔دیگر پاکستانی شوبز شخصیات جن میں مدیحہ رضوی، ایمن خان، منال خان، طلحہٰ چاہور، خاقان شاہنواز، ثناء جاوید، یمنیٰ زیدی شامل ہیں، نے بھی سوشل میڈیا پر تعزیتی پیغامات جاری کیے اور رہنما کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔