کراچی ( شوبز ڈیسک)ندا یاسر نے سوشل میڈیا پر ہونے والی ٹرولنگ سے نمٹنے کا طریقہ کار کھل کر بیان کر دیا۔ ایک یوٹیوب پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اعتراف کیا کہ ابتدا میں منفی تبصرے انہیں شدید متاثر کرتے تھے۔ وہ اس قدر پریشان ہو جاتی تھیں کہ چاہتی تھیں ان کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر ہی نہ کی جائیں تاکہ گھر والے، خصوصاً ساس سسر، یہ تنقیدی کمنٹس نہ دیکھ سکیں۔ندا یاسر کے مطابق وقت گزرنے کے ساتھ انہیں احساس ہوا کہ خاندان کی حمایت سب سے بڑی طاقت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے شوہر اور سسرالی رشتہ دار ہر مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑے رہے اور کسی بھی تنقید کا ڈٹ کر سامنا کیا۔ماضی میں پیش آنے والے فارمولا ون سے متعلق ایک وائرل کلپ کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس واقعے پر ان کے بچوں نے بھی پہلی مرتبہ مزاحیہ انداز میں انہیں چھیڑا اور پوچھا کہ آخر یہ کیا ہو گیا۔ تاہم ان کے شوہر نے اس وقت بھی ان کا حوصلہ بڑھایا۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ واقعہ کئی برس پرانا ہے اور اس وقت انہیں واقعی فارمولا ون کے بارے میں زیادہ معلومات نہیں تھیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پہلے وہ سوشل میڈیا پر تنقید کا جواب دیتی تھیں، لیکن بعد میں سمجھ آیا کہ ردعمل دینے سے معاملہ مزید پھیل جاتا ہے۔ اب وہ منفی تبصروں کو نظر انداز کرنا ہی بہتر سمجھتی ہیں اور اپنی توجہ کام پر مرکوز رکھتی ہیں۔