ممبئی( شوبز ڈیسک)شاہ رخ خان کی اہلیہ اور معروف انٹیریئر ڈیزائنر گوری خان نے اپنے تقریباً ایک صدی پرانے آبائی گھر کو جدید طرز کے لگژری ریزورٹ میں تبدیل کر دیا۔ اس منصوبے کو ان کی زندگی کے سب سے جذباتی اور ذاتی نوعیت کے اقدامات میں شمار کیا جا رہا ہے۔گوری خان نے جہاں ایک عالمی شہرت یافتہ اداکار کی شریکِ حیات ہونے کے باوجود اپنی الگ پہچان بنائی، وہیں بطور انٹیریئر ڈیزائنر بھی نمایاں مقام حاصل کیا۔ انہوں نے کئی معروف شخصیات کے گھروں کو منفرد اور جدید انداز میں ڈیزائن کیا، جبکہ ممبئی میں واقع اپنے گھر منت کی آرائش میں بھی اپنی تخلیقی مہارت کا بھرپور اظہار کیا۔حال ہی میں انہوں نے 1933 میں تعمیر ہونے والی خاندانی جائیداد کی مکمل تزئین و آرائش کر کے اسے چھ کمروں پر مشتمل ایک شاندار ولا میں تبدیل کیا ہے۔ جدید سہولیات سے آراستہ یہ پراپرٹی بھارت کے خوبصورت پہاڑی مقام ڈلہاؤسی میں واقع ہے، جہاں سیاح قدرتی مناظر اور پرسکون ماحول سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اس تاریخی گھر کو اب باقاعدہ لگژری ریزورٹ کی حیثیت دے دی گئی ہے، جہاں عام مہمان بھی قیام کر سکیں گے۔ یہ وہی مقام ہے جہاں گوری خان نے اپنے بچپن میں خاندان کے ساتھ یادگار تعطیلات گزاری تھیں۔ منصوبے میں ان کی کزن رستم تیواڑی نے بھی تعاون کیا، جبکہ جائیداد ان کے ماموں تیجندر تیواڑی کی ملکیت ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ریزورٹ میں ایک رات قیام کا کرایہ ایک لاکھ بیس ہزار روپے تک مقرر کیا گیا ہے۔