لاہور( سپورٹس ڈیسک)مونٹی کارلو میں کھیلے گئے ماسٹرز ٹینس ٹورنامنٹ میں روسی کھلاڑی ڈینئیل میڈویڈوف کو حیران کن شکست کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد وہ شدید غصے میں آگئے۔ابتدائی مرحلے کے میچ میں اطالوی کھلاڑی میٹیو بارٹینی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میڈویڈوف کو بغیر کوئی گیم جیتنے کا موقع دیے صفر چھ اور صفر چھ سے شکست دے دی۔یہ میڈویڈوف کے کیریئر کا پہلا موقع تھا جب وہ کسی میچ میں ایک بھی گیم جیتنے میں ناکام رہے، میچ صرف انچاس منٹ میں مکمل ہوگیا۔شکست کے بعد میڈویڈوف اپنی مایوسی پر قابو نہ رکھ سکے اور کورٹ پر اپنا ریکٹ توڑ دیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔شائقین نے اس واقعے پر مختلف ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے غیر معمولی شکست قرار دیا ہے۔