اسلام آباد( پاکستان خبر) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پاسپورٹ کا جلد اجراء اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز سالک حسین کے ساتھ خصوصی اجلاس کی صدارت کی، جس میں سپین میں پاکستانیوں کے لیے ریذیڈنٹ کارڈ کے حصول اور غیر قانونی تارکین وطن کی قانونی حیثیت سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ رجسٹریشن سے قبل پاکستانیوں کو پاسپورٹ اور دیگر کاغذات ایک ہفتے کے اندر جاری کیے جائیں گے۔ سالک حسین نے بتایا کہ سپین کی اس سکیم سے تقریباً 15 ہزار پاکستانی مستفید ہوں گے اور انہوں نے سپین میں مقیم پاکستانیوں کی معاونت پر وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کیا۔محسن نقوی نے ہدایت دی کہ مجرم یا مطلوب ملزم کو پاسپورٹ ہرگز نہ جاری کیا جائے اور سفارت خانے کو پاسپورٹ سیکشن کے لیے اضافی عملہ فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پولیس بیورو کی جانب سے کریکٹر سرٹیفکیٹ کی تصدیق تیز اور آسان بنائی گئی ہے اور یہ ترجیحی بنیادوں پر جاری کیے جا رہے ہیں۔ اجلاس میں سپین میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر ظہور احمد اور قونصل جنرل بارسلونا نے تفصیلی بریفنگ بھی دی۔
بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پاسپورٹ کا جلد اجراء اولین ترجیح ہے: وزیر داخلہ
3 گھنٹے قبل