ممبئی( شوبز ڈیسک)بھارتی اداکارہ اننیا پانڈے کی جانب سے پاکستانی کرکٹر ابرار احمد کو کرکٹ لیگ دی ہنڈرڈ میں شامل کیے جانے پر سخت ردعمل کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔سماجی رابطوں کی ویب گاہوں پر گردش کرنے والی اطلاعات کے مطابق اننیا پانڈے نے مبینہ طور پر ابرار احمد کے انتخاب پر ناراضی ظاہر کرتے ہوئے سن رائزرز لیڈز ٹیم کے بائیکاٹ کا اعلان کیا اور کہا جا رہا ہے کہ انہوں نے اپنا ریلائنس جیو کا سم کارڈ بھی توڑ دیا۔ تاہم اس حوالے سے اداکارہ کی طرف سے اب تک کوئی باقاعدہ بیان یا تصدیق سامنے نہیں آئی۔واضح رہے کہ پاکستانی لیگ اسپنر ابرار احمد کو انگلینڈ میں کھیلی جانے والی دی ہنڈرڈ لیگ میں بھارتی نژاد مالک کاویا مارن کی ٹیم سن رائزرز لیڈز میں شامل کیے جانے کے بعد سرحد پار سوشل میڈیا پر شدید بحث شروع ہو گئی ہے۔ بھارتی صارفین اور کرکٹ شائقین کی بڑی تعداد اس فیصلے پر ناراضی کا اظہار کر رہی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق دی ہنڈرڈ لیگ 21 جولائی سے 16 اگست تک کھیلی جائے گی۔ اس مقابلے میں شرکت کے لیے ابرار احمد کو پاکستان کرکٹ بورڈ سے اجازت درکار ہوگی تاہم قومی ٹیم کی مصروفیات کے باعث انہیں اجازت ملنے کے امکانات کم بتائے جا رہے ہیں۔یاد رہے کہ ابرار احمد نے اپنا آخری ٹیسٹ میچ جنوری 2025 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلا تھا۔
ابرار احمد کے انتخاب پر بھارتی اداکارہ برہم، بائیکاٹ کی خبریں گردش کرنے لگیں
2 گھنٹے قبل