فضا علی کا ڈاکٹر نبیہہ تنازع پر جواب، میاں بیوی کے تعلق پر اہم انکشاف

2 گھنٹے قبل
فضا علی کا ڈاکٹر نبیہہ تنازع پر جواب، میاں بیوی کے تعلق پر اہم انکشاف

لاہور( شوبز ڈیسک)معروف اداکارہ و میزبان فضا علی نے ڈاکٹر نبیہہ علی خان کے ساتھ ہونے والے حالیہ وائرل تنازع پر خاموشی توڑتے ہوئے اپنا مؤقف پیش کر دیا ہے۔یہ معاملہ رمضان کے ابتدائی ایام میں اس وقت سامنے آیا جب ڈاکٹر نبیہہ علی خان فضا علی کی رمضان نشریات میں شریک ہوئیں اور گفتگو کے دوران اپنی ازدواجی زندگی سے متعلق مسائل کا ذکر کیا۔ پروگرام میں ہونے والی یہ گفتگو بعد ازاں سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر تیزی سے پھیل گئی جس پر متعدد صارفین نے فضا علی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ ناقدین کا کہنا تھا کہ کسی کی نجی زندگی کے معاملات کو پروگرام میں موضوع بنا کر اسے ڈرامائی انداز میں پیش کیا گیا۔اس تنقید کے بعد فضا علی نے اپنی رمضان نشریات کے دوران وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ان کے پروگرام میں آنے والے لوگ کھل کر اپنے دل کی بات کرتے ہیں اور بلا جھجھک اپنے مسائل بیان کرتے ہیں۔ ان کے مطابق مہمان اکثر اپنے دل کا بوجھ ہلکا کرنے کے لیے آتے ہیں اور ان سے اس طرح بات کرتے ہیں جیسے وہ ان کے خاندان کا حصہ ہوں۔ڈاکٹر نبیہہ علی خان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے فضا علی نے کہا کہ گھر میں میاں بیوی کے درمیان دوستانہ ماحول ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی بیوی اپنے شوہر کے کندھے پر سر رکھ لے یا اس کا ہاتھ تھام لے تو اس میں کوئی برائی نہیں ہونی چاہیے اور اس پر اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر شوہر کسی دوسری عورت کے ساتھ وقت گزارنے کے بجائے اپنی بیوی کے ساتھ وقت گزار رہا ہے تو اسے منفی انداز میں نہیں دیکھنا چاہیے بلکہ میاں بیوی کو ایک دوسرے کے ساتھ وقت گزارنے کا موقع ملنا چاہیے۔