حکومت کا پیٹرولیم سیکٹر میں شفافیت اور کنٹرول کا نیا نظام متعارف کرانے کا فیصلہ

1 ہفتے قبل
حکومت کا پیٹرولیم سیکٹر میں شفافیت اور کنٹرول کا نیا نظام متعارف کرانے کا فیصلہ


اسلام آباد( کامرس ڈیسک)حکومت پاکستان نے پیٹرولیم سیکٹر میں شفافیت اور بہتری کے لیے جامع اصلاحات پر عمل شروع کر دیا ہے، جبکہ فیول سپلائی چین اور پیٹرول پمپس میں اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے جدید ٹریک اینڈ ٹریس نظام متعارف کروا دیا گیا ہے۔پیٹرولیم ڈویژن کے جاری اعلامیے کے مطابق صارفین اب راہگزر موبائل ایپ کے ذریعے قانونی اور منظور شدہ پیٹرول پمپس کی شناخت کر سکیں گے، جبکہ آئل ٹینکرز کی نگرانی کے لیے اوگرا اور پی آئی ٹی بی کا مشترکہ ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم تیار کیا گیا ہے۔اس نظام کے تحت فیول ٹینکرز، ٹرمینلز اور ریٹیل آؤٹ لیٹس کو ایک مربوط ڈیجیٹل نیٹ ورک سے منسلک کیا جائے گا، اور پیٹرول پمپس پر خودکار ٹینک گیجز اور ڈیجیٹل نوزل نصب کیے جائیں گے تاکہ فراڈ اور غیر قانونی سرگرمیوں کو ختم کیا جا سکے۔مزید برآں، 2025 میں 18 سال بعد آف شور تیل و گیس بلاکس کی بولی کا عمل شروع ہو گیا ہے، جس میں 23 بلاکس کے لیے بولیاں موصول ہوئی ہیں۔ ڈی جی پی سی نے بتایا کہ شفاف بولی کے لیے نیا آن لائن پورٹل متعارف کروایا جائے گا، جس سے ایکسپلوریشن اور پروڈکشن بلاکس کی بولی مکمل طور پر ڈیجیٹل اور محفوظ طریقے سے ہو سکے گی۔دھماکہ خیز مواد کی نگرانی کے لیے بھی ایکسپلوسیوز ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم فعال کر دیا گیا ہے، جو سیکیورٹی اور کنٹرول کو مزید مضبوط کرے گا۔