اسلام آباد( کامرس ڈیسک) سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے سہولت اکاؤنٹ کے ذریعے اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کی حد میں اضافہ کرتے ہوئے اسے 10 لاکھ روپے سے بڑھا کر 30 لاکھ روپے کر دیا ہے۔ایس ای سی پی کے مطابق سہولت اکاؤنٹ پہلی بار اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے لیے آسان اور محفوظ طریقہ فراہم کرتا ہے، جہاں سرمایہ کار اب ایک سے زائد بروکرز کے ساتھ سہولت اکاؤنٹس کھول سکیں گے، تاہم ایک بروکر کے ساتھ ہر سرمایہ کار صرف ایک سہولت اکاؤنٹ رکھ سکے گا۔مزید بتایا گیا کہ سہولت اکاؤنٹ صرف قومی شناختی کارڈ کے ذریعے کھولا جا سکتا ہے اور یہ آن لائن بھی دستیاب ہے، جس سے سرمایہ کاروں کو مزید سہولت حاصل ہوگی۔ایس ای سی پی کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں انفرادی سرمایہ کاروں کے سب اکاؤنٹس کی تعداد 5 لاکھ 42 ہزار ہے، جبکہ انویسٹر اکاؤنٹس اور روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کی تعداد 1 لاکھ 44 ہزار ہے۔کمیشن نے سرمایہ کاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر مجاز غیر ملکی سرمایہ کاری پلیٹ فارمز کے بجائے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری کریں اور نوجوان اس سہولت کے ذریعے کیپٹل مارکیٹ میں شمولیت اختیار کریں۔
سہولت اکاؤنٹ کے ذریعے اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کی حد 30 لاکھ روپے تک بڑھا دی گئی
4 گھنٹے قبل