سونے اور چاندی کی قیمتیں نئی بلندیوں پر پہنچ گئیں

1 ہفتے قبل
سونے اور چاندی کی قیمتیں نئی بلندیوں پر پہنچ گئیں

کراچی( کامرس ڈیسک)عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے اور چاندی کی قیمتیں مسلسل بڑھتی ہوئی کشیدگی اور سرمایہ کاری کے رجحانات کے سبب تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔ ایران کے بعد گرین لینڈ کے معاملے پر یورپین یونین اور امریکہ کے درمیان بڑھتی کشیدگی، سابق صدر ٹرمپ کی ٹیرف دھمکیاں، اور برکس ممالک کے سینٹرل بینکوں کی جانب سے اپنے اثاثوں کو محفوظ بنانے کے لیے سونے کے ذخائر بڑھانے کی سرگرمیوں نے اس اضافے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں 127 ڈالر کا اضافہ ہوا، جس کے بعد یہ 4 ہزار 840 ڈالر کی بلند سطح پر پہنچ گئی۔ پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت 12 ہزار 700 روپے کے اضافے سے 5 لاکھ 6 ہزار 362 روپے ہو گئی، جبکہ فی دس گرام سونے کی قیمت 10 ہزار 888 روپے بڑھ کر 4 لاکھ 34 ہزار 123 روپے کی سطح پر آگئی۔چاندی کی قیمتیں بھی بڑھتی رہیں، فی تولہ چاندی کی قیمت 64 روپے کے اضافے کے بعد 9 ہزار 933 روپے پر پہنچ گئی، اور فی دس گرام چاندی کی قیمت 54 روپے بڑھ کر 8 ہزار 515 روپے ہو گئی۔ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی سیاسی اور اقتصادی عوامل کے سبب سرمایہ کار سونا اور چاندی کو محفوظ اثاثہ سمجھ رہے ہیں، جس سے دونوں دھاتوں کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کا رجحان جاری رہنے کا امکان ہے۔