گیس کی قلت، بجلی کی پیداوار اور سی این جی سیکٹر متاثر ہونے کا خدشہ

5 گھنٹے قبل
گیس کی قلت، بجلی کی پیداوار اور سی این جی سیکٹر متاثر ہونے کا خدشہ

اسلام آباد(کامرس ڈیسک)ملک میں گیس کی کمی کے باعث سی این جی سیکٹر کو فراہمی بند ہونے اور بجلی کی پیداوار متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ ذرائع کے مطابق آئندہ ماہ اپریل سے ملک بھر کے پاور پلانٹس کو صرف 80 ایم ایم سی ایف ڈی گیس دستیاب ہوگی، جس سے بجلی کی پیداوار میں کمی متوقع ہے۔ذرائع نے بتایا کہ مارچ میں دستیاب ہونے والی 150 ایم ایم سی ایف ڈی گیس اور ایل این جی کی فراہمی بند ہو جائے گی، جبکہ سی این جی سیکٹر کے لیے گیس مکمل طور پر بند کیے جانے کا امکان ہے۔ پاور سیکٹر کو 25 سے 30 ایم ایم سی ایف ڈی گیس منتقل کی جائے گی اور فرٹیلائزر سیکٹر کی گیس ممکنہ طور پر بجلی کی پیداوار کے لیے مختص کی جا سکتی ہے۔اس کے نتیجے میں کوئلے سے پیدا ہونے والی 1500 سے 1800 میگاواٹ بجلی بھی خطرے میں پڑ گئی ہے، جس سے 10 سے 15 فیصد بجلی پیداوار متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ ساہیوال اور جامشورو کے پلانٹس کوئلے کی قلت کا شکار ہیں اور موجودہ ذخیرہ صرف 3 سے 7 دن کے لیے کافی ہے، جس کے باعث مزید 2 سے 3 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ متوقع ہے۔دوسری جانب ایس ایس جی سی بھی گیس کی کمی کا سامنا کر رہی ہے۔ ترجمان کے مطابق دو گیس فیلڈز میں تکنیکی وجوہات کی وجہ سے گیس کی فراہمی کم ہوئی ہے، تاہم انتظامیہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور اس غیر متوقع قلت کو جلد از جلد حل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔