اسلام آباد( کامرس ڈیسک)پاکستان میں ڈیجیٹل فنانس کے شعبے میں بڑھتے ہوئے مواقع نے سرمایہ کاروں کی توجہ اپنی جانب مرکوز کر دی ہے۔ اس سلسلے میں چینی فن وولیوشن گروپ اور اس کی ذیلی کمپنی فن لیپ فنانشل سروسز کے وفد نے چیئرمین ڈاکٹر کبیر احمد سدھو سے ملاقات کی، جس میں ڈیجیٹل فنانس، ریگولیٹری اصلاحات اور مالی شمولیت کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔کمپنی نے ایس ای سی پی کی اصلاحات کو سراہتے ہوئے پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت میں جدید مالیاتی حل متعارف کرانے کے عزم کا اظہار کیا۔ فن لیپ کا ’’دائرہ‘‘ پلیٹ فارم صارفین کو آسان اور فوری ڈیجیٹل قرضہ سہولیات فراہم کر رہا ہے، جس سے کم سہولت یافتہ طبقات کے لیے باضابطہ کریڈٹ تک رسائی مزید وسیع ہوگی۔شنگھائی میں قائم اور نیویارک اسٹاک ایکسچینج میں لسٹڈ فن وولیوشن گروپ کی پاکستان میں توسیع عالمی سرمایہ کاروں کے اعتماد کی عکاس ہے اور یہ پیش رفت پاکستان میں ڈیجیٹل فنانس، سرمایہ کاری اور مالی شمولیت کے نئے دور کی بنیاد رکھ رہی ہے۔
پاکستان میں ڈیجیٹل فنانس کے مواقع سرمایہ کاروں کی توجہ کا مرکز بن گئے
5 گھنٹے قبل