اسلام آباد( کامرس ڈیسک)ایس آئی ایف سی کی کوششوں کے باعث غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہونے سے پاکستانی معیشت میں استحکام کے آثار نمایاں ہونے لگے ہیں۔مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد کے مطابق معاشی استحکام اور بہتر سرمایہ کاری ماحول نے پاکستان کو غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے پُرکشش ملک بنا دیا ہے۔ اوورسیز انویسٹرز چیمبر کے حالیہ سروے کے مطابق غیر ملکی سرمایہ کاری پر اعتماد 61 فیصد سے بڑھ کر 73 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔خرم شہزاد نے بتایا کہ نیسلے نے پاکستان میں 60 ملین ڈالر کی اضافی سرمایہ کاری اور ملک کو علاقائی ایکسپورٹ حب بنانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت پاکستان سے 26 ممالک کو برآمدات کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ آذربائیجان کی سرکاری توانائی کمپنی سوکار فروری میں پاکستان کے تیل و گیس شعبے میں سرمایہ کاری کو حتمی شکل دے گی، جبکہ کمپنی نے پاکستان کو طویل المدتی توانائی شراکت دار قرار دیا ہے۔مشیر وزیر خزانہ کے مطابق گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران گوگل، بی وائی ڈی، آرامکو، سام سنگ اور دیگر سمیت 20 غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان آئے۔انہوں نے بتایا کہ لارج اسکیل مینوفیکچرنگ، گاڑیوں، سیمنٹ، کھاد اور موبائل فونز کی فروخت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جبکہ کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس، مہنگائی میں کمی، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ اور ترسیلات زر میں بہتری معاشی بحالی کی واضح علامت ہے۔
غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال پاکستانی معیشت مضبوط ہونے لگی
5 دن قبل