کسٹمز اصلاحات سے قانونی درآمدات میں نمایاں اضافہ ریکارڈ

2 دن قبل
کسٹمز اصلاحات سے قانونی درآمدات میں نمایاں اضافہ ریکارڈ

کراچی( کامرس ڈیسک) مؤثر کسٹمز انفورسمنٹ اور اصلاحاتی اقدامات کے باعث پیٹرولیم مصنوعات، کپڑے اور ٹائروں کی قانونی درآمدات میں واضح اضافہ ہوا ہے۔ممبر کسٹمز آپریشنز ایف بی آر سید شکیل شاہ نے کہا ہے کہ ایف بی آر کے ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت کسٹمز میں انفرااسٹرکچر، شفافیت اور ڈیجیٹل نظام کو مضبوط بنایا گیا ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔کسٹمز ہاؤس کراچی میں ورلڈ کسٹمز ڈے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ فیس لیس اسیسمنٹ سسٹم کے نفاذ سے کلیئرنس میں تاخیر کم ہوئی اور شفافیت میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل انفورسمنٹ سسٹم سمیت جدید اقدامات کے ذریعے اسمگلنگ کی مؤثر روک تھام کی جا رہی ہے، جبکہ پاکستان کسٹمز عالمی معیار کے مطابق جدید ٹیکنالوجی اپنا رہا ہے۔سید شکیل شاہ نے مزید کہا کہ پاکستان سنگل ونڈو اور فیس لیس نظام کے ذریعے کسٹمز سرگرمیوں میں نمایاں بہتری آئی ہے، جس سے قانونی تجارت کو فروغ ملا ہے۔