ممبئی( شوبز ڈیسک) بالی ووڈ میں ایک اور بڑی پیش رفت سامنے آ گئی ہے، مسٹر پرفیکشنسٹ کے نام سے مشہور اداکار عامر خان کے بیٹے جنید خان جلد اداکارہ تمنا بھاٹیا کے ساتھ ہارر تھرلر سیریز کی نئی فلم میں جلوہ گر ہونے والے ہیں۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق راگنی ایم ایم ایس کی مقبول سیریز ایک بار پھر پردہ اسکرین پر واپسی کر رہی ہے، تاہم اس بار فلم کا نام راگنی ایم ایم ایس 3 کے بجائے صرف راگنی 3 رکھا جائے گا۔ اس منصوبے کی ہدایتکاری شاشانک گھوش کریں گے جبکہ ساحر رضا تخلیقی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔مرکزی کرداروں کے لیے تمنا بھاٹیا اور جنید خان سے بات چیت جاری ہے، اگرچہ تاحال باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔ اس سے قبل اطلاعات تھیں کہ فلم کو غیر معینہ مدت کے لیے روک دیا گیا ہے، لیکن اب منصوبہ دوبارہ سرگرمی سے آگے بڑھتا دکھائی دے رہا ہے۔یہ فلم ایکتا کپور کی پروڈکشن میں تیار کی جائے گی، جو اس سیریز کے پہلے دونوں حصوں سے بھی وابستہ رہی ہیں۔ یاد رہے کہ 2011 میں ریلیز ہونے والی فلم میں راجکمار راؤ اور کائنات موٹیوالا نے مرکزی کردار ادا کیے تھے، جبکہ 2014 کے سیکوئل میں سنی لیون اور ساحل پریم نمایاں رہے۔نئی فلم کی کہانی کو تاحال راز میں رکھا گیا ہے، جس کے باعث مداحوں میں تجسس مزید بڑھ گیا ہے۔
عامر خان کے بیٹے کی بڑی انٹری، تمنا بھاٹیا کے ساتھ راگنی سیریز کی نئی فلم کی تیاری
11 گھنٹے قبل