اتوار, فروری 9, 2025

دلجیت دوسانجھ نے بھارت میں کنسرٹس نہ کرنے کا فیصلہ کیوں کیا؟

بھارتی گلوکار دلجیت دوسانجھ نے بھارت میں مزید کنسرٹس نہ کرنے کا اعلان کر کے اپنے مداحوں کو حیران کر دیا۔ چندی گڑھ میں حالیہ کنسرٹ کے دوران دلجیت نے کہا کہ بھارت میں لائیو شوز کے انعقاد کے لیے مناسب انفرااسٹرکچر موجود نہیں، جو ان کی یہ بڑی وجہ بنی ہے۔

دلجیت نے واضح کیا کہ کنسرٹس بہت سے افراد کی روزی کا ذریعہ ہیں، لیکن ناقص انتظامات ان کے لیے مشکلات پیدا کرتے ہیں۔ گلوکار نے بھارتی حکام سے اپیل کی کہ وہ اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے مناسب اقدامات کریں۔ انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ آئندہ ان کے کنسرٹس کے دوران اسٹیج ایسا بنایا جائے جہاں مداح چاروں اطراف موجود ہوں، اور جب تک ایسا ممکن نہ ہو، وہ بھارت میں مزید کنسرٹس نہیں کریں گے۔

چندی گڑھ کنسرٹ کے بعد دلجیت نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک بیان میں وضاحت کی کہ ان کا مسئلہ بھارت کے کنسرٹس کے ساتھ نہیں بلکہ چندی گڑھ کے وینیو کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک چندی گڑھ میں مناسب مقام فراہم نہیں کیا جاتا، وہ وہاں کنسرٹ نہیں کریں گے۔

تاہم، یہ بیان انہوں نے کچھ دیر بعد اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے حذف کر دیا، جس سے معاملے میں مزید ابہام پیدا ہو گیا۔

دلجیت دوسانجھ کا یہ بیان بھارت میں لائیو شوز کے انتظامات پر ایک اہم سوال اٹھاتا ہے اور شوبز انڈسٹری میں انفرااسٹرکچر کی بہتری کے لیے اقدامات کی ضرورت کو اجاگر کرتا ہے۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب