پیر, جون 2, 2025

عمران خان سے ملاقات پر پابندی کیوں؟ سلمان اکرم راجا نے اصل وجہ بتا دی

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل اور سینئر وکیل سلمان اکرم راجا نے اس بات کی وضاحت کر دی ہے کہ پارٹی رہنماؤں اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ملاقات میں رکاوٹیں کیوں کھڑی کی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملاقات روکنے کا مقصد واضح طور پر سیاسی ابہام پیدا کرنا ہے تاکہ عمران خان کا مؤقف اور پیغام پارٹی قیادت تک نہ پہنچ سکے۔

انسداد دہشتگردی عدالت لاہور کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا نے کہا کہ پارٹی کے بعض رہنماؤں کی جانب سے اسٹیبلشمنٹ سے کسی ممکنہ ڈیل کی باتیں سامنے آرہی ہیں، لیکن ان کے پاس اس حوالے سے کوئی مصدقہ معلومات موجود نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اعظم سواتی اس حوالے سے ذاتی رائے دے رہے ہیں، جبکہ حقیقت اس وقت سامنے آئے گی جب بانی چیئرمین عمران خان سے براہِ راست ملاقات ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی پر مکمل یقین رکھتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کے اصول اور نصب العین بالکل واضح ہیں، اور ہم کسی خفیہ یا غیر آئینی راستے سے مسائل کا حل نہیں چاہتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب تک بانی پی ٹی آئی کی جانب سے رہنماؤں کو براہ راست ہدایت نہ ملے، پارٹی مؤقف میں کسی قسم کی تبدیلی ممکن نہیں۔

سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا کہ ملاقات روکنے کی اصل وجہ یہ ہے کہ عمران خان کی پوزیشن واضح نہ ہو اور سیاسی ماحول میں غیر یقینی صورتحال برقرار رہے۔ انہوں نے کہا کہ جیسے ہی عمران خان سے ملاقات ممکن ہوگی، تمام ابہام اور افواہوں کی گنجائش ختم ہو جائے گی اور اصل صورت حال سب کے سامنے آجائے گی۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب