پیر, جون 2, 2025

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی بلوچستان دہشت گرد حملے کی مذمت

نیویارک: اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ اور وحشیانہ کارروائی قرار دیا ہے۔ کونسل نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ بین الاقوامی قوانین اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون کرے۔

سلامتی کونسل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کونسل کے تمام ارکان متاثرہ خاندانوں، حکومت پاکستان اور عوام کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ دہشت گردی کسی بھی شکل میں بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے، اور اقوام متحدہ کے رکن ممالک اس کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

کونسل نے اس بات پر زور دیا کہ اس حملے میں ملوث عناصر، منصوبہ سازوں، مالی مدد فراہم کرنے والوں اور ان کے سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔ اس مقصد کے لیے تمام ممالک پر لازم ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جا سکے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ دہشت گردی کسی بھی مقصد یا جواز کے تحت ناقابل قبول ہے اور کسی بھی صورت میں اس کی حمایت نہیں کی جا سکتی۔ سلامتی کونسل نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا کہ عالمی برادری کو دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنی ہوں گی تاکہ دنیا میں امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب