وزیرِ ٹرانسپورٹ سندھ شرجیل انعام میمن نے اعلان کیا ہے کہ سندھ حکومت نے صوبے کے بے روزگار نوجوانوں کو آسان اقساط پر ماحول دوست الیکٹرک وہیکل (ای وی) ٹیکسی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد نہ صرف روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے بلکہ صوبے کی ماحولیاتی پالیسیوں کو بھی فروغ دینا ہے۔
کراچی میں ای وی ٹیکسی اسمبل کرنے والی کمپنی کے حکام نے وزیرِ ٹرانسپورٹ سے ملاقات کی، جس میں کمپنی حکام نے شرجیل انعام میمن کو ماحول دوست ای وی ٹیکسیز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ ترجمان حکومتِ سندھ کے مطابق، اس ملاقات کے دوران سندھ کے بے روزگار نوجوانوں کے لیے ای وی ٹیکسیوں کی فراہمی کے منصوبے کی تفصیلات پر بات چیت کی گئی۔ حکومتِ سندھ نے فیصلہ کیا ہے کہ یہ ٹیکسیوں آسان اقساط پر فراہم کی جائیں گی، تاکہ نوجوانوں کو اس منصوبے میں حصہ لینے کے لیے مالی طور پر سہولت فراہم کی جا سکے۔
شرجیل میمن نے اس منصوبے کے حوالے سے سیکریٹری ٹرانسپورٹ کو مختلف بینکوں سے رابطے کرنے اور مالی ماڈلز تیار کرنے کی ہدایات بھی دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد بے روزگار افراد کو پائیدار ذرائع سے روزگار فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنی روزی روٹی کما سکیں۔
وزیرِ ٹرانسپورٹ کا کہنا تھا کہ ای وی ٹیکسیوں کا منصوبہ سندھ کے سرسبز سندھ کے عزم کے مطابق ہے اور اس سے نہ صرف ماحول کی بہتری ہوگی بلکہ نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے دروازے بھی کھلیں گے۔ یہ اقدام صوبے میں اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کی ایک اہم کڑی ہے، جس کے ذریعے بے روزگاری کو کم کرنے اور لوگوں کو پائیدار ذرائع سے روزگار فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
وزیرِ ٹرانسپورٹ نے اس منصوبے کو ایک اہم قدم قرار دیا اور کہا کہ اس سے سندھ میں ماحول دوست ٹرانسپورٹ کی ثقافت بھی فروغ پائے گی۔