اتوار, فروری 9, 2025

چاند پر موسم کیسا ہوتا ہے؟

چاند، جو زمین سے سفید اور چمکدار نظر آتا ہے، اپنی خوبصورتی کے لیے مشہور ہے، لیکن اس کے درجہ حرارت کے حوالے سے حیرت انگیز حقائق سامنے آئے ہیں۔

غیرملکی ذرائع کے مطابق، چاند کا درجہ حرارت ہر وقت اتنا ٹھنڈا نہیں ہوتا جتنا ہم زمین سے دیکھ کر سوچتے ہیں۔ چاند کی سطح کا درجہ حرارت بھی زمین کی طرح سورج کی روشنی پر منحصر ہوتا ہے کہ کتنی مقدار میں روشنی اس کی سطح سے ٹکرا رہی ہے۔

“لائیو سائنس” کی رپورٹ کے مطابق، چاند پر درجہ حرارت کے اتار چڑھاؤ کافی ڈرامائی ہو سکتے ہیں۔ مثال کے طور پر، دن کے وقت جب سورج کی روشنی براہ راست چاند پر پڑتی ہے، اس کا درجہ حرارت 100 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے، جبکہ رات کے وقت، جب چاند مکمل طور پر سورج کی روشنی سے محروم ہو جاتا ہے، یہ منفی 100 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے۔

امریکہ کی یونیورسٹی آف مشی گن کے فلکیات کے پروفیسر، جان مونیئر کے مطابق، چاند پر درجہ حرارت انتہائی گرم سے انتہائی سرد ہونے کے درمیان مسلسل تبدیل ہوتا رہتا ہے۔

ناسا کی رپورٹ کے مطابق، زمین کے برعکس، جہاں اوسط درجہ حرارت تقریباً 15 ڈگری سینٹی گریڈ ہوتا ہے، یہاں کا درجہ حرارت منفی 89 ڈگری سے لے کر 57 ڈگری سینٹی گریڈ تک ہو سکتا ہے۔

یہ حقائق چاند کی سطح پر موجود حالات کو سمجھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، خاص طور پر ان منصوبوں کے لیے جو مستقبل میں چاند پر انسانی موجودگی کو ممکن بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ چاند کا یہ متغیر درجہ حرارت اس کے موسمی حالات کی پیچیدگی کو ظاہر کرتا ہے۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب