کفایت شعاری سے ہونے والی بچت عوامی ریلیف پر خرچ ہوگی:وزیرِ اعظم شہباز شریف

3 گھنٹے قبل
کفایت شعاری سے ہونے والی بچت عوامی ریلیف پر خرچ ہوگی:وزیرِ اعظم شہباز شریف

اسلام آباد( پاکستان خبر) وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کفایت شعاری سے حاصل کی جانے والی بچت عوامی ریلیف کے لیے خرچ کی جائے گی۔خطے کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر پیٹرولیم قیمتوں کے استحکام اور حکومتی بچت اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے وزیراعظم کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس ہوا، جس میں طے پایا کہ کفایت شعاری سے حاصل شدہ رقم عوامی ریلیف پر خرچ کی جائے گی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سرکاری اور خودمختار اداروں کے ملازمین کی تنخواہوں میں 5 سے 30 فیصد تک کٹوتی کی جائے گی۔ اس کے علاوہ، کارپوریشنز کے بورڈز میں شامل حکومتی نمائندے اب شرکت فیس نہیں لیں گے، اور تمام سفارتخانوں کو 23 مارچ کی تقریبات سادگی سے منانے کی ہدایت کی گئی ہے۔وزیرِ اعظم نے ہدایات جاری کیں کہ ایف بی آر اور قانون نافذ کرنے والے ادارے معمول کے مطابق کام جاری رکھیں گے۔ اجلاس میں مزید یہ فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ دو ماہ کے دوران سرکاری گاڑیوں کے ایندھن میں 50 فیصد کمی کی جائے گی اور 60 فیصد گاڑیاں گراؤنڈ کی جائیں گی۔ اس فیصلے کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرایا جائے گا، جبکہ نئی خریداری پر پابندی عائد رہے گی۔