اسلام آباد( پاکستان خبر) صدر مملکت آصف علی زرداری نے افغان حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی شہریوں کو نشانہ بنا کر افغان حکومت نے سرخ لکیر پار کر دی ہے۔صدر زرداری نے افغان طالبان کے ڈرون حملوں کی شدید مذمت کی اور کہا کہ افغانستان میں قائم غیر قانونی حکومت دہشت کے ذریعے اپنی ذمہ داریوں سے مسلسل فرار ہو رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ افغان حکومت دہشت گرد گروہوں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم نہ کرنے کے وعدوں کو نظر انداز کر رہی ہے، اور اب وہ اسلامی دنیا کی ایک بڑی فوجی طاقت کو چیلنج کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ افغان حکومت ایک طرف دوست ممالک سے مذاکرات کی کوشش کر رہی ہے اور دوسری طرف پاکستان کے شہریوں کو نشانہ بنا کر سرخ لکیر پار کر چکی ہے۔آصف زرداری نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے مصروف عمل ہے۔ انہوں نے کوئٹہ، کوہاٹ اور راولپنڈی میں ڈرون حملوں سے زخمی ہونے والے بچوں اور دیگر شہریوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعائیں بھی کیں۔صدر نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور سیکیورٹی ادارے ملک کے دفاع اور عوام کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
صدر آصف زرداری کی افغان حکومت پر تنقید، پاکستانی شہریوں کو نشانہ بنانے کو سرخ لکیر قرار دیا
3 گھنٹے قبل