اسلام آباد ( پاکستان خبر) خطے کی بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر پاکستان ایک بار پھر اہم سفارتی کردار ادا کرنے جا رہا ہے، جہاں امریکا اور ایران کے اعلیٰ سطحی وفود آج وفاقی دارالحکومت پہنچیں گے۔ذرائع کے مطابق امریکی نائب صدر جے ڈی وینس آج رات اسلام آباد پہنچیں گے، ان کے ہمراہ اہم امریکی شخصیات اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر بھی ہوں گے جو ایران کے ساتھ متوقع مذاکرات میں شریک ہوں گے۔بتایا گیا ہے کہ امریکی وفد کی معاونت کے لیے تئیس رکنی عملہ پہلے ہی اسلام آباد پہنچ چکا ہے جس میں سکیورٹی اور سفارتی امور کے ماہرین شامل ہیں۔دوسری جانب ایران کی نمائندگی کے لیے محمد باقر قالیباف اور وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی آج رات اسلام آباد پہنچیں گے، جہاں دونوں ممالک کے درمیان اہم ملاقاتیں متوقع ہیں۔اس سے قبل وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیوٹ نے بتایا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران سے مذاکرات کے لیے خصوصی وفد پاکستان بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے جو ہفتے کی صبح باضابطہ مذاکرات کا آغاز کرے گا۔ادھر ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے بھی پاکستانی وزیر اعظم کو اعتماد میں لیتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ ایران کا اعلیٰ سطحی وفد مذاکرات کے لیے اسلام آباد پہنچ رہا ہے، جس سے خطے میں امن کی کوششوں کو تقویت ملنے کی توقع ہے۔