کراچی( پاکستان خبر)سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے درخواست گزار کا نام بلیک لسٹ سے خارج نہ کرنے پر وفاقی سیکریٹری داخلہ پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔عدالت نے سخت ریمارکس دیتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر ایک ہفتے کے اندر درخواست گزار کا نام بلیک لسٹ سے نہ نکالا گیا تو متعلقہ حکام کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں گے۔جسٹس عدنان الکریم نے ریمارکس دیے کہ ڈپٹی اٹارنی جنرل خلیق احمد کی یقین دہانی پر فی الحال وارنٹ جاری نہیں کیے جا رہے۔درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ وفاقی سیکریٹری داخلہ کیپٹن ریٹائرڈ خرم آغا نے عدالتی حکم پر عمل درآمد نہیں کیا اور نہ ہی عدالتی نوٹس کا جواب دیا ہے۔واضح رہے کہ عدالت نے بیرون ملک مقیم محمد عرفان کا نام بلیک لسٹ سے نکالنے کا حکم دے رکھا ہے، جس پر تاحال عمل نہیں کیا گیا۔