ابو ظہبی ( مانیٹرنگ ڈیسک) سر کیئر سٹارمر نے متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا جہاں ان کی ملاقات شیخ محمد بن زاید النہیان سے ہوئی۔خلیجی ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے کی تازہ صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔ ملاقات میں مشرق وسطیٰ کی موجودہ کشیدگی، علاقائی و عالمی سلامتی، بحری سلامتی، توانائی کی ترسیل اور عالمی معیشت پر اثرات پر گفتگو کی گئی۔رپورٹس کے مطابق حالیہ کشیدگی، ایران کے ساتھ جنگ بندی کے نازک مرحلے اور آبنائے ہرمز میں محفوظ جہاز رانی کی اہمیت خصوصی طور پر زیر بحث آئی، کیونکہ یہ گزرگاہ عالمی توانائی اور تجارت کے لیے نہایت اہم سمجھی جاتی ہے۔سرکاری بیان کے مطابق شیخ محمد بن زاید نے اس بات پر زور دیا کہ خطے کے بحرانوں کا حل سفارت کاری، مذاکرات اور امن کے ذریعے نکالا جانا چاہیے۔ اس موقع پر کیئر سٹارمر نے امارات کے ساتھ برطانیہ کی یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ یو اے ای کی سلامتی، استحکام اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے اس کے ساتھ کھڑا ہے۔دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ ایسے عملی اقدامات ناگزیر ہیں جو جنگ بندی کو پائیدار بنانے اور اہم بحری گزرگاہوں کو محفوظ رکھنے میں مدد فراہم کریں۔برطانوی ذرائع کے مطابق اس دورے کا مقصد صرف فوری بحران پر ردعمل دینا نہیں بلکہ اتحادی ممالک کے ساتھ مشاورت کے ذریعے وسیع علاقائی حکمت عملی کو آگے بڑھانا بھی تھا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ابو ظہبی اور لندن موجودہ صورتحال میں سلامتی، تجارت، توانائی اور سفارتی روابط کو ایک مربوط حکمت عملی کے تحت دیکھ رہے ہیں۔
برطانیہ اور امارات میں اہم مشاورت، خطے کی سلامتی اور جنگ بندی پر اتفاق
2 گھنٹے قبل