یو اے ای نے پاکستان کا قرض ایک ماہ تک کابڑھا دیا

1 دن قبل
یو اے ای نے پاکستان کا قرض ایک ماہ تک کابڑھا دیا

اسلام آباد( کامرس ڈیسک) متحدہ عرب امارات نے پاکستان کے 2 ارب ڈالر کے میچور ہونے والے قرضے کو موجودہ 6 اعشاریہ 5 فیصد شرح سود پر ایک ماہ کے لیے رول اوور کر دیا ہے۔ یہ رقم پاکستان کے مجموعی 16 ارب ڈالر کے زرِمبادلہ ذخائر کا حصہ ہے، جس پر پاکستان سالانہ تقریباً 13 کروڑ ڈالر سود ادا کرتا ہے۔ذرائع کے مطابق یہ پہلا موقع ہے کہ یو اے ای نے قرض صرف ایک ماہ کے لیے رول اوور کیا ہے، اس سے قبل قرض کی مدت عموماً ایک سال تک بڑھائی جاتی رہی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ایک، ایک ارب ڈالر کے دو قرضے ایک ماہ کے لیے رول اوور کیے گئے، جن میں سے ایک قرض 16 جنوری جبکہ دوسرا 22 جنوری کو میچور ہونا تھا۔وفاقی حکومت اور اسٹیٹ بینک کے ذرائع کے مطابق قرض کی مدت اور شرح سود سے متعلق مزید مذاکرات کے لیے عارضی طور پر ایک ماہ کی توسیع دی گئی ہے۔ گورنر اسٹیٹ بینک نے دسمبر میں کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری اور عالمی سطح پر شرح سود میں کمی کو مدنظر رکھتے ہوئے یو اے ای سے دو سال کے لیے کم شرح سود پر قرض رول اوور کرنے کی درخواست کی تھی۔بعد ازاں وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی صدر متحدہ عرب امارات سے قرض کی واپسی کی مدت میں اضافے کی درخواست کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ زرِمبادلہ کے ذخائر پر دباؤ سے بچنے کے لیے پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ بہتر شرائط پر معاہدے کے لیے پرامید ہے۔