لاہور( سپورٹس ڈیسک) قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے اپنے داماد اور فاسٹ بولر شاہین آفریدی کی بولنگ سٹائل پر شدید تنقید کی ہے۔ ٹی20 ورلڈ کپ میں شاہین کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شاہین اتنے عرصے سے کھیل رہے ہیں، پھر بھی انہیں نہیں معلوم کہ آخری اوور کیسے کرانا ہے۔سابق کپتان نے نجی ٹی وی پروگرام میں کہا کہ متعدد بار غلطیاں بتانے کے باوجود شاہین بار بار وہی غلطیاں کر رہے ہیں، خاص طور پر رائٹ ہینڈر کے خلاف راؤنڈ دا وکٹ بال میں مسائل ہیں، یا وکٹ کے اندر غلطی ہو جاتی ہے۔شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ یہ کھلاڑی نہ سیکھ رہے ہیں، نہ سیکھنا چاہتے ہیں، اور نہ ہی میچ میں رنز روکنے کی ذمہ داری لے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کی سوچ دنیائے کرکٹ سے بہت پیچھے ہے اور کئی اہم اصول ابھی تک سمجھ میں نہیں آئے۔سابق کپتان کے مطابق ٹیم کے اندر صرف ایک یا دو کھلاڑیوں پر ذمہ داری ڈالنا کافی نہیں، ہر بولر اور فیلڈر کی ذمہ داری ہے کہ وہ میچ کے دوران درست فیصلے کرے۔