اسلام آباد( پاکستان خبر) پاکستان میں جمعرات 19 فروری سے ماہِ صیام کا آغاز ہو رہا ہے اور پہلے روزے کی آمد کے ساتھ ہی ملک بھر میں خوشی، عقیدت اور روحانیت کی فضا قائم ہو گئی ہے۔رمضان المبارک کی تیاریاں خصوصاً پنجاب کے قریہ قریہ اور شہر شہر نظر آ رہی ہیں، جہاں مساجد، بازار، شاہراہیں اور اہم مقامات روشنیوں اور چراغاں سے سجائے گئے ہیں۔راولپنڈی میں استقبالِ رمضان کے لیے تیاریاں عروج پر ہیں۔ شہر کی بڑی شاہراہوں، مارکیٹوں اور چوراہوں پر ’رمضان نگہبان‘ کے نیون سائن جگمگا رہے ہیں، جبکہ سڑکوں کے اطراف گرین بیلٹس پر رنگ برنگ روشنیاں نصب کی گئی ہیں۔شہر کے مختلف مقامات پر اللہ تعالیٰ کے اسمائے مبارکہ تاباں ہیں اور درختوں پر رنگین روشنیوں سے روح پرور مناظر بنائے گئے ہیں۔ مارکیٹوں کے داخلی راستوں پر رمضان تھیم کے تحت محرابی لائٹنگ عوامی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔چکوال اور تلہ گنگ میں گلیاں، بازار اور مرکزی شاہراہیں خوبصورتی سے سجائی گئی ہیں، جہاں ’نگہبان رمضان بازار‘ اور ’نگہباں دسترخوان‘ میں روشن آرائشی محرابیں اور خصوصی لائٹنگ دیکھی جا سکتی ہیں۔اسی طرح اٹک، خوشاب، میانوالی اور فیصل آباد میں بھی بازاروں کی سج دھج دلکش منظر پیش کر رہی ہے، اور شہریوں میں رمضان کے روحانی ماحول کا جوش و خروش دیکھنے کو مل رہا ہے۔
پاکستان میں رمضان کا آغاز، ملک بھر میں خوشی اور روحانیت کی فضا قائم
14 گھنٹے قبل