رابعہ انعم کا صبا فیصل کے بیان پر سخت ردعمل

2 گھنٹے قبل
رابعہ انعم کا صبا فیصل کے بیان پر سخت ردعمل

کراچی( شوبز ڈیسک)نجی ٹی وی کی رمضان نشریات کی میزبان رابعہ انعم نے سینئر اداکارہ صبا فیصل کے ایک پرانے بیان پر کھل کر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں بہو سے متعلق اداکارہ کی رائے بالکل پسند نہیں آئی۔چند ماہ قبل ایک مارننگ شو میں گفتگو کرتے ہوئے صبا فیصل نے نئی دلہن کے حوالے سے کہا تھا کہ بہو کو گھر میں سونے یا آرام کرنے سے پہلے ساس یا نند کو آگاہ کرنا چاہیے۔ ان کا یہ بیان سماجی رابطوں کی ویب گاہوں پر تیزی سے پھیلا اور متعدد صارفین نے اس پر تنقید کی۔حال ہی میں ایک انٹرویو میں رابعہ انعم نے بغیر نام لیے اسی مؤقف پر اعتراض اٹھایا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک پروگرام میں یہ کہا گیا کہ بہو اگر کچھ دیر آرام کرنا چاہے تو ساس سے اجازت لے، آخر اس کی کیا ضرورت ہے۔رابعہ انعم نے کہا کہ وہ خود بھی بہو ہیں اور ان کی ساس نے کبھی ان سے اس قسم کی توقع نہیں کی۔ ان کے مطابق کسی بھی فرد کو اپنی ذاتی زندگی کے معاملات میں اس انداز سے وضاحت دینا مناسب نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہر شخص کو اپنی زندگی اپنے طریقے سے گزارنے کا حق حاصل ہے اور ایسی روایات کو فروغ دینا درست نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم اکثر ایسے خیالات اس لیے دہراتے ہیں کیونکہ برسوں سے بھارتی ڈراموں اور ثقافت کے اثر میں ہیں، حالانکہ ہر معاشرے کی اپنی اقدار ہوتی ہیں اور گفتگو سوچ سمجھ کر کرنی چاہیے۔دوسری جانب صبا فیصل نے بھی خاموشی اختیار نہیں کی اور سماجی رابطے کی ویب گاہ پر رابعہ انعم کا ویڈیو کلپ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ کچھ لوگ خود کو دانشمند ظاہر کرنے اور وقتی توجہ حاصل کرنے کے لیے اس طرح کی گفتگو کا حصہ بنتے ہیں۔