لاہور( سپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل 11 کے نئے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے، جس کے مطابق گیارہواں ایڈیشن صرف لاہور اور کراچی میں بغیر تماشائیوں کے کھیلا جائے گا جبکہ افتتاحی تقریب بھی منسوخ کر دی گئی ہے۔قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بتایا کہ ٹورنامنٹ 26 مارچ سے شروع ہوگا، لیکن کفایت شعاری اقدامات کے تحت یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ پی ایس ایل صرف دو شہروں میں اور بغیر شائقین کے منعقد ہو۔ انہوں نے کہا کہ ٹکٹ کے پیسے واپس کیے جائیں گے اور شائقین سے معذرت خواہ ہیں۔محسن نقوی نے مزید کہا کہ خطے کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر وزیر اعظم نے کفایت شعاری کے اقدامات کی ہدایت دی تھی، اور نئے شیڈول میں کھلاڑیوں کی موومنٹ کم سے کم رکھی جائے گی۔پی ایس ایل 11 کے مطابق لاہور اور کراچی 49 روز میں 44 میچز کی میزبانی کریں گے، ہر شہر میں 22 میچز ہوں گے۔ پہلے مرحلے میں 26 مارچ سے 6 اپریل تک لاہور میں 14 میچز کھیلے جائیں گے، دوسرے مرحلے میں 8 اپریل سے 19 اپریل تک کراچی میں 15 میچز ہوں گے، اور 21 سے 26 اپریل تک لاہور میں پانچ جبکہ کراچی میں چھ میچز کھیلنے کا شیڈول ہے۔لیگ کا کوالیفائیر کراچی میں 28 اپریل کو، پہلا ایلمنیٹر 29 اپریل اور دوسرا ایلمنیٹر یکم مئی کو لاہور میں ہوگا، جبکہ فائنل تین مئی کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔
پی ایس ایل 11 صرف لاہور اور کراچی میں، افتتاحی تقریب اور تماشائی منسوخ
3 گھنٹے قبل