وا شنگٹن( سپورٹس ڈیسک)128 سال بعد کرکٹ دوبارہ اولمپکس میں شامل ہو رہی ہے اور اس کی تیاری کے لیے میجر لیگ کرکٹ (ایم ایل سی) کا انعقاد کیا جائے گا، جو پہلی مرتبہ امریکا کے شہر کیلیفورنیا میں کھیلی جائے گی، جہاں لاس اینجلس اولمپکس 2028 منعقد ہوگا۔نائٹ رائیڈرز کرکٹ فیلڈ میں لیگ کے پانچ میچز کا آغاز یکم جولائی کو لاس اینجلس نائٹ رائیڈرز اور واشنگٹن فریڈم کے درمیان ہوگا، جبکہ چار جولائی کو امریکا کی 250 ویں سالگرہ کے موقع پر بھی میچز کھیلے جائیں گے۔لیگ کے سربراہ جانی گریو نے کہا کہ ایم ایل سی کا انعقاد امریکا میں کرکٹ کی ترقی کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا، اور پومونا فیئر گراونڈز لاس اینجلس اولمپکس 2028 کے کرکٹ ایونٹ کا مرکز ہوں گے۔واضح رہے کہ آخری مرتبہ کرکٹ اولمپکس میں پیرس 1900 میں شامل ہوئی تھی، جب برطانیہ اور میزبان فرانس کی ٹیمیں شریک تھیں اور برطانیہ نے ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔لاس اینجلس اولمپکس 2028 کے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ مقابلوں میں مرد اور خواتین کی ہر ایک کی 6، 6 ٹیمیں حصہ لیں گی۔