وزیراعظم شہباز شریف سے چینی سفیر کی اہم ملاقات، پاک-چین تعلقات مستحکم بنانے پر تبادلہ خیال

2 گھنٹے قبل
وزیراعظم شہباز شریف سے چینی سفیر کی اہم ملاقات، پاک-چین تعلقات مستحکم بنانے پر تبادلہ خیال

اسلام آباد( پاکستان خبر) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے وزیراعظم ہاؤس میں اہم ملاقات کی۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ بھی موجود تھے۔ملاقات میں وزیراعظم نے ’ٹو سیشنز‘ کے کامیاب انعقاد پر چینی قیادت کو مبارکباد پیش کی اور چینی صدر شی جن پنگ، وزیراعظم لی کیانگ اور وزیر خارجہ وانگ یی کی جانب سے یوم پاکستان کی مبارکباد دینے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے زراعت، صنعتی تعاون اور بنیادی ڈھانچے کے تحت سی پیک ٹو کو آگے بڑھانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے پاکستان کی اقتصادی استقامت اور اصلاحات کی کوششوں کو سراہا اور تجارت و سرمایہ کاری میں تعاون کا یقین دہانی کروائی۔ دونوں جانب جاری ملاقاتوں پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور 75 ویں سالگرہ کے موقع پر رابطے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے علاقائی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کشیدگی میں کمی اور استحکام کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی ہم آہنگی جاری رکھنے اور پائیدار پاک-چین سٹریٹجک پارٹنرشپ کے عزم کا اعادہ کیا۔