ویمنز ایشیا کپ میں پاکستان کی شاندار یلغار، نیپال کو شکست دے کر فاتحانہ آغاز

11 گھنٹے قبل
ویمنز ایشیا کپ میں پاکستان کی شاندار یلغار، نیپال کو شکست دے کر فاتحانہ آغاز

بینکاک( سپورٹس ڈیسک) ویمنز ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز میں پاکستان نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیپال کو ہرا کر ایونٹ کا کامیاب آغاز کر دیا۔تھائی لینڈ کے دارالحکومت میں کھیلے گئے میچ میں نیپال نے قرعہ اندازی جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان کی ٹیم نے مقررہ بیس اوورز میں 6 کھلاڑیوں کے نقصان پر 137 رنز اسکور کیے۔ کپتان حفصہ خالد 40 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہیں جبکہ وحیدہ اختر نے 23 رنز بنا کر نمایاں کردار ادا کیا۔نیپال کی جانب سے کبیتا کنوار نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ منیشا اوپادھائے، ریا شرما، سیتا رانا مگر اور روبینہ چھیتری نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔جواب میں نیپال کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 107 رنز تک محدود رہی۔ بندو راول 39 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں جبکہ کبیتا کنور 18 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔پاکستان کی جانب سے انوشہ ناصر نے تین وکٹیں حاصل کیں، مومنہ ریاست نے دو جبکہ وحیدہ اختر نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کر کے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔