اسلام آباد( کامرس ڈیسک)ایس آئی ایف سی کی معاشی اور تجارتی حکمت عملی کے اثرات کے نتیجے میں پاکستان نے برآمدات اور تجارتی ترقی میں تاریخی سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔جنوری میں برآمدات پہلی بار 3 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئیں، جس سے ملکی زرمبادلہ میں اضافہ، روزگار کے مواقع کی وسعت اور اقتصادی خودمختاری کے فروغ میں اہم پیش رفت دیکھنے کو ملی۔پاکستان بیورو آف اسٹاٹسٹکس کے مطابق برآمدات میں 35 فیصد کا تاریخی اضافہ اور درآمدات میں تقریباً 5 فیصد کمی سے تجارتی خسارہ نمایاں طور پر کم ہوا۔ جنوری میں درآمدات تقریباً ساڑھے 5 ارب ڈالر رہیں۔مالی سال کے پہلے سات ماہ میں مجموعی برآمدات 18 ارب ڈالر اور درآمدات 40 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، جس سے ملک کی تجارتی پوزیشن مضبوط ہوئی۔