امن کیلئے پاکستان کی سرگرم سفارتکاری، فیلڈ مارشل عاصم منیر تہران پہنچ گئے، اہم مذاکرات متوقع

14 گھنٹے قبل
امن کیلئے پاکستان کی سرگرم سفارتکاری، فیلڈ مارشل عاصم منیر تہران پہنچ گئے، اہم مذاکرات متوقع

تہران( مانیٹرنگ ڈیسک) خطے میں امن کے قیام کیلئے پاکستان کی سفارتی کوششیں تیز ہو گئیں، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ ایران پہنچ گئے جہاں اہم ملاقاتیں کی گئیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق تہران پہنچنے پر ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے فیلڈ مارشل کا استقبال کیا، اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ذرائع کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایرانی وزیر خارجہ سے ملاقات کی جس میں خطے کی صورتحال اور امن کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا، ایرانی قیادت نے اس دورے کو دوطرفہ تعلقات کے استحکام اور سفارتی پیش رفت کا اہم قدم قرار دیا۔ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ مذاکراتی عمل کی میزبانی دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات کی عکاسی کرتی ہے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ عزم کا اظہار ہے۔اطلاعات کے مطابق پاکستانی وفد امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کی بحالی کے سلسلے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان پیغامات کا تبادلہ بھی جاری ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات کا اگلا مرحلہ آئندہ دنوں میں اسلام آباد میں متوقع ہے جہاں اہم پیش رفت کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔