اسلام آباد( پاکستان خبر)وزیراعظم شہباز شریف نے قازقستان کے صدر قاسم جومارت کا وزیراعظم ہاؤس پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا۔ وزیرِاعظم ہاؤس آمد پر صدر قازقستان کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے مہمان کو وفاقی کابینہ کے ارکان سے متعارف کروایا، جبکہ صدر قازقستان نے اپنے وفد کے اراکین سے وزیراعظم کو روشناس کرایا۔استقبالیہ تقریب میں دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام اور سفارتی وفود نے شرکت کی۔ تقریب کے بعد وزیراعظم شہباز شریف اور صدر قازقستان کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ملاقات کے بعد پاکستان اور قازقستان کے درمیان 19 مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی۔ ان میں اقوام متحدہ کے امن دستوں سے تعاون، کان کنی اور پیٹرولیم میں شراکت داری، قیدیوں کے تبادلے، میری ٹائم سیکٹر، ٹرانزٹ ٹریڈ، کسٹمز اور ریلوے میں تعاون شامل ہیں۔دونوں ممالک نے موسمیاتی تبدیلی، ورچوئل اثاثے، پروٹیکشن اور ویٹرنری کے شعبوں میں بھی تعاون پر اتفاق کیا، جبکہ مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل ترقی میں شراکت داری سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط ہوئے۔ حکام کے مطابق یہ معاہدے مستقبل میں تکنیکی اور ڈیجیٹل شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوں گے۔تقریب میں وزیر دفاع خواجہ آصف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال بھی شریک تھے۔