لاہور ( پاکستان خبر) مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کے باعث پاکستان کے مختلف ایئر پورٹس سے مزید 90 پروازیں منسوخ ہو گئی ہیں، جس کے نتیجے میں مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق کویت، بحرین، متحدہ عرب امارات، ایران، عراق اور قطر جانے اور وہاں سے آنے والی متعدد پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔ غیر یقینی صورتحال اور فضائی راستوں میں ممکنہ خطرات کے باعث کئی ملکی اور غیر ملکی ایئر لائنز نے اپنے فلائٹ آپریشن عارضی طور پر محدود کر دیے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ سترہ روز کے دوران پاکستان کے مختلف ایئر پورٹس سے پروازوں کی آمد و رفت شدید متاثر رہی ہے اور اس دوران مجموعی طور پر 1955 پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں، جس سے ہزاروں مسافر متاثر ہوئے ہیں۔لاہور ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق موجودہ صورتحال کے پیش نظر کویت، قطر، بحرین اور ایران سمیت دیگر مشرق وسطیٰ کے ممالک کے لیے ایک درجن سے زائد ملکی و غیر ملکی ایئر لائنز نے اپنی پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ خطے میں صورتحال بہتر ہونے تک پروازوں کے شیڈول میں مزید تبدیلیاں بھی کی جا سکتی ہیں۔
مشرق وسطیٰ جنگ کے اثرات: پاکستان کے ایئر پورٹس سے مزید 90 پروازیں منسوخ
3 گھنٹے قبل