گزشتہ سال خلیجی ممالک سے ساڑھے 38 ہزار پاکستانی ڈی پورٹ ہو ئے

12 گھنٹے قبل
گزشتہ سال خلیجی ممالک سے ساڑھے 38 ہزار پاکستانی ڈی پورٹ ہو ئے

اسلام آباد( پاکستان خبر)قومی اسمبلی میں پیش کی گئی تفصیلات کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران خلیجی ممالک نے ساڑھے 38 ہزار پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کیا۔ وزارتِ سمندر پار پاکستانی نے ایوان میں رپورٹ پیش کی، جس میں مختلف ممالک اور وجوہات کے حوالے سے ڈی پورٹیشن کی تفصیل دی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق سعودی عرب سے سب سے زیادہ 27,692 پاکستانی ڈی پورٹ ہوئے، جبکہ متحدہ عرب امارات سے 6,794، عمان سے 2,537، بحرین سے 786، قطر سے 644 اور کویت سے 163 پاکستانی واپس بھیجے گئے۔مزید تفصیلات کے مطابق 6,939 پاکستانی مختلف مقدمات میں مفرور ہونے کی وجہ سے ڈی پورٹ ہوئے، جبکہ غیر قانونی داخلے یا زائد قیام پر 4,872 پاکستانی واپس بھیجے گئے۔ خلیجی ممالک کی جیلوں میں قید 2,500 پاکستانیوں کو بھی ڈی پورٹ کیا گیا۔منشیات کے الزامات پر 1,125، بلیک لسٹ پر 1,639، ویزا خلاف ورزی پر 936، چوری کے جرائم پر 190 اور بھیک مانگنے پر 780 پاکستانی ڈی پورٹ کیے گئے۔ اس کے علاوہ امیگریشن قوانین کی خلاف ورزی پر 332 اور انٹرپول کے ذریعے 15 پاکستانی واپس بھیجے گئے، جبکہ 14,000 سے زائد پاکستانی دیگر وجوہات کی بنا پر ڈی پورٹ ہوئے۔یہ اعداد و شمار بیرون ملک پاکستانیوں کی حفاظت اور قانونی رہنمائی کے لیے حکومتی اقدامات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہیں۔