نیو یارک ( شوبز ڈیسک)ہالی ووڈ کے معروف ستارے زینڈایا اور ٹام ہالینڈ کی نجی زندگی ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئی ہے۔ حالیہ دعوے کے مطابق، یہ جوڑی منگنی کے بعد خفیہ طور پر شادی کر چکی ہے۔ اداکارہ کے اسٹائلسٹ لا روچ نے یکم مارچ کو ایک ایوارڈ تقریب کے دوران میڈیا سے گفتگو میں حیران کن انکشاف کیا کہ ’’شادی تو پہلے ہی ہوچکی ہے، آپ لوگ بس اس سے محروم رہ گئے۔‘‘اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں میں جوش و خروش دیکھنے کو ملا، تاہم جوڑے کے نمائندوں کی جانب سے اب تک کوئی باضابطہ تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی۔ مداحوں نے ستاروں کی نجی زندگی کی حفاظت کو سراہا۔ زینڈایا حالیہ دنوں میں منگنی کی انگوٹھی کی بجائے سادہ سنہری بینڈ پہنے نظر آئیں، جس سے قیاس آرائیوں میں اضافہ ہوا۔زینڈایا اور ٹام ہالینڈ کی پہلی ملاقات 2016 میں فلم ’’اسپائیڈر مین، ہوم کمنگ‘‘ کے سیٹ پر ہوئی تھی۔ جولائی 2021 میں لاس اینجلس میں ایک ساتھ دیکھی جانے والی تصاویر کے بعد تعلقات کی خبریں عام ہوئیں، اور گزشتہ سال گولڈن گلوب ایوارڈ پر زینڈایا کی انگلی میں انگوٹھی دیکھے جانے کے بعد منگنی کی افواہیں گردش کرنے لگیں، جو بعد میں تصدیق ہوئیں۔