اسلام آباد( پاکستان خبر) ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعے کے بعد بھارتی بیان پاکستانی مؤقف کی تصدیق کرتا ہے۔ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان نے بتایا کہ وزیر اعظم نے 23 تا 24 فروری کو امیر قطر کی دعوت پر قطر کا دورہ کیا، جہاں امیر قطر نے پاکستان کے ساتھ اقتصادی شراکت داری کو اعلیٰ سطح تک بڑھانے کی خواہش ظاہر کی۔ قطر کے وزیر دفاع اور وزیر مملکت نے بھی وزیر اعظم سے ملاقات کی۔انہوں نے مزید بتایا کہ نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار سعودی عرب کا دورہ کر رہے ہیں، جہاں وہ جدہ میں او آئی سی ایگزیکٹو کمیٹی کے غیر معمولی وزارتی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اجلاس میں اسرائیلی قابض حکام کے غیر قانونی اقدامات پر غور کیا جائے گا اور اس موقع پر اسحاق ڈار او آئی سی رکن ممالک کے وزرائے خارجہ سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔ترجمان نے کہا کہ رواں ماہ سمجھوتا ایکسپریس حملے کی 19ویں برسی ہے، جس میں 70 سے زائد قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔ حملے میں ملوث سوامی آسیم آنند اور بھارتی کرنل پروہت نے اپنے جرائم کا اعتراف کیا، تاہم چاروں مجرم اب بھی آزاد ہیں۔ بھارت سمجھوتا ایکسپریس میں ملوث مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں نہیں لا سکا۔انہوں نے واضح کیا کہ بھارتی وزارت خارجہ کے بیان کو سختی سے مسترد کیا جاتا ہے اور بلوچستان میں حالیہ دہشت گرد حملے کے بعد بھارت کی جانب سے بیان حقیقت میں پاکستان کے مؤقف کی تصدیق ہے۔
بھارتی بیان بلوچستان واقعے کے بعد پاکستان کے مؤقف کی تصدیق ہے:دفتر خارجہ
3 گھنٹے قبل